ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر پجاری کا کاروار اور انکولہ کا دورہ : کئی پروگراموں میں شرکت

اترکنڑا ضلع نگراں کار وزیر پجاری کا کاروار اور انکولہ کا دورہ : کئی پروگراموں میں شرکت

Sun, 06 Mar 2022 20:48:45    S.O. News Service

کاروار:6؍ مارچ  (ایس اؤ نیوز)اتر کنڑا کے ضلع انچارج وزیر کوٹا سری نواس پجاری نے کاروار اور انکولہ کا دورہ کرتے ہوئے کئی ترقیاتی کاموں کے پروگراموں میں حصہ لیا۔ اس دوران حال ہی میں پیش کردہ بجٹ میں کاروار کے لئے ٹراماکئیر سنٹر منظور نہ کئے جانے پر عوام الناس سے کہا کہ انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ بہت جلد کاروار کی رکن اسمبلی کو لےکر وزیر اعلیٰ سےملاقات کریں گے اور کاروار کے لئے ٹراما کئیر سنٹر منظور کرائیں گے ۔

کاروار میں سماجی فلاح وبہبود ، پچھڑے  طبقات اور پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود ، اتراکنڑا ضلع انتظامیہ اور ضلع پنچایت کے اشتراک سے رویندر ناتھ ٹیگور بیچ پر واقع میورورما ویدیکے میں پنچایت راج اور شہری اداروں کے عوامی نمائندوں  کے مختلف منصوبہ جات کو لے کر ریاستی ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ سندھیا سرکشا ، اپاہج اور بیو ہ پنشن  جیسے مختلف اسکیموں کے تحت رقم منظور کئےجانےکا اختیار گرام پنچایت، تعلقہ پنچایت اور ضلع پنچایت کو دیاجائے گا مزید کہا کہ انہوں نے اس سلسلےمیں متعلقہ وزیر ایشورپا سے بات چیت کی ہے اور بہت جلد ان منصوبوں کو منظور کرلیاجائےگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ مجبور لوگوں کو عرضی دینے کے بعد کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑتاہے اور بعض دفعہ رقم  منظور ہونے سے پہلے ہی وہ فوت ہوجاتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں میں  کوئی مذاق نہیں کررہاہوں بلکہ حقائق کو بیان کررہاہوں۔ اسی لئے مقامی اداروں کو  غریب لوگوں کی عرضیوں کو 24گھنٹوں میں منظور کرنے کا اختیار دینے کی بات چل رہی ہے۔ معاشرے کے آخری فرد تک سرکاری سہولیات فراہم کرنے کےلئے کام کررہا ہوں ، اب مقامی اداروں کے عوامی نمائندوں کاکام ہے کہ وہ ایمانداری کے ساتھ عوام تک پہنچائیں۔ اس موقع پر ایم ایل سی شانتا رام سدی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کاروار رکن اسمبلی روپالی نائک نے پروگرام کی صدارت کی۔ پروگرام میں ایم ایل سی گنپتی الویکر اور بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک سمیت کئی دوسرے افسران بھی موجود تھے۔

سہولیات کی تقسیم : اسی پروگرام میں نگراں کار وزیر کوٹا شری نواس پجاری ، رکن اسمبلی روپالی نائک، ایم ایل سی گنپتی الویکر اور افسران نے مختلف منصوبوں اوراسکیموں کے مستفیدین کے درمیان سہولیات کی تقسیم کی۔ سویم ادئیوگ نیر سال منصوبہ ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ابھرودھی نگم ، کرناٹک آدی جامبو ابھرودھی نگم سمیت کئی اسکیموں کے مستفیدین نے اپنی سہولیات کی منظوری حاصل کی۔

انکولہ میونسپالٹی کی نئی عمارت کا افتتاح :انکولہ میں اترکنڑا ضلع نگراں کاروزیر شری نواس کوٹا نے انکولہ میونسپالٹی کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتےہوئے انہوں نےکہاکہ سیاست میں عورتوں کو ریزرویشن دینےکی وجہ سے آج عورتیں خود بااختیار بن گئی ہیں اور انہیں اپنا اختیار چلانے کا موقع ملا ہے۔ انکولہ کو ایک مثالی شہر بنانا ہے۔ اس کے لئے میونسپالٹی میں اسی کے تعلق سے بحث ہونا ضروری ہونےکی بات کہی۔ رکن اسمبلی روپالی نائک نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔

ضلع کو سوپر اسپیشالٹی اسپتال کی ضرورت ہے: انکولہ میں ایک پولوکلینک لیب کا افتتاح کرنے کےبعد وزیر کوٹا شری نواس پجاری نے کہاکہ اترکنڑا ضلع جغرافیائی طور پر بہت وسعت رکھتاہے ضلع کے لئے ایک جدید سہولیات سےآراستہ سوپر اسپیشالٹی اسپتال کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے مقامی عوامی نمائندوں کےساتھ ہم سب کو کوشش کرنےکی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ضلع کی مختلف تنظیموں اور عوام کی طرف سے نگراں کاروزیر کو اپنے مطالبات پر مشتمل درخواستیں دی گئی اور انہیں جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔


Share: